Aaj News

بدھ, فروری 19, 2025  
21 Shaban 1446  

چین کی جوابی کارروائی، امریکی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف عائد

گوگل کے خلاف تحقیقات اور امریکی کمپنیوں پر پابندیاں عائد
شائع 04 فروری 2025 12:47pm

امریکا کی جانب سے 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اقدام کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر 10 فیصد جوابی ٹیرف عائد کر دیا ہے۔

چین کے جوابی اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کو آخری وقت میں ملتوی کر دیا اور 30 دن کی مہلت دی۔ اس کے بدلے میں دونوں ممالک نے سرحدی نگرانی سخت کرنے اور جرائم کے خلاف اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم چین کو اس ریلیف کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

امریکا کا 10 فیصد اضافی ٹیرف منگل کی صبح 12:01 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 10:01 بجے) نافذ ہو گیا، جس کے فوراً بعد چین کی وزارت خزانہ نے اعلان کیا کہ وہ امریکی کوئلے اور ایل این جی پر 15 فیصد، جبکہ خام تیل، زرعی مشینری اور کچھ گاڑیوں پر 10 فیصد نیا ٹیرف عائد کرے گا۔ یہ نئے محصولات 10 فروری سے نافذ ہوں گے۔

چین نے مزید اقدامات کرتے ہوئے ٹنگسٹن، ٹیلیریئم، روتھینیم، مولبڈینم اور دیگر دھاتوں پر برآمدی کنٹرول بھی نافذ کر دیا، جسے قومی سلامتی کے تحفظ کا حصہ قرار دیا گیا۔

ٹرمپ کی جانب سے مزید ٹیرف کی دھمکی

ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر چین امریکا میں غیر قانونی منشیات، خاص طور پر فینٹینائل، کی اسمگلنگ کو نہیں روکتا تو چینی مصنوعات پر مزید محصولات عائد کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’اگر چین فینٹینائل کی ترسیل نہیں روکتا تو محصولات میں مزید اضافہ ہوگا۔‘

چین نے اس امریکی موقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے امریکا کا داخلی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ وہ عالمی تجارتی تنظیم (WTO) میں ان محصولات کو چیلنج کرے گا۔ تاہم، بیجنگ نے مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔

ٹرمپ نے چند ’نایاب چیزوں‘ کے بدلے یوکرین کی مدد کا اشارہ دے دیا

گوگل کے خلاف تحقیقات اور امریکی کمپنیوں پر پابندیاں

امریکا کی جانب سے محصولات عائد کیے جانے کے بعد چین نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے خلاف عدم مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بیجنگ کی مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ گوگل چینی مارکیٹ کے قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہے اور اس کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

چین نے مزید جوابی اقدامات کے تحت امریکی فیشن برانڈ PVH کارپوریشن (جس کے تحت ٹومی ہلفیگر اور کیلون کلین آتے ہیں) اور بائیوٹیک کمپنی الومینا کو ’’غیر معتبر اداروں‘‘ کی فہرست میں شامل کر دیا۔ چینی وزارت تجارت نے کہا کہ یہ کمپنیاں ’چینی کاروباروں کے خلاف امتیازی سلوک روا رکھ رہی ہیں‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے بعد کینیڈا پر بھی مجوزہ محصولات کا نفاذ مؤخر کر دیا

کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ معاہدے، یورپی یونین پر بھی ٹیرف کا امکان

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان ٹیرف التوا پر اتفاق کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں استحکام آیا ہے۔ کینیڈا اور میکسیکو نے امریکا کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات اسمگلنگ روکنے کے مطالبے پر سخت اقدامات کا وعدہ کیا۔

کینیڈا نے امریکا کے ساتھ سرحدی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مزید سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ میکسیکو نے اپنی شمالی سرحد پر 10,000 نیشنل گارڈز تعینات کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ آئندہ 30 دن میں کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ اقتصادی معاہدے پر کام کریں گے۔

امریکا کا اقدام دنیا کیلئے خسارے کا سودا ہے، ٹیرف کا جواب دیا جائے گا، چینی سفارتخانے کا بیان

ٹرمپ نے یورپی یونین پر بھی محصولات عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ یورپی رہنماؤں نے برسلز میں ہونے والی ایک میٹنگ میں خبردار کیا کہ اگر امریکا نے یورپی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیا تو وہ بھی جوابی اقدامات کریں گے، تاہم انہوں نے مذاکرات کو ترجیح دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

امریکی معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ نئے محصولات امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں اور مہنگائی میں اضافے، معاشی سست روی اور بے روزگاری میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

US China Tariff