ترجمان سندھ حکومت کی لفظی گولہ باری پر وزیر اطلاعات پنجاب کا جوابی وار
سندھ اور پنجاب حکومت کی ترجمان آمنے سامنے آگئیں، ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات پنجاب جھوٹ بولنے سے احتیاط کریں، ورنہ پیکا ایکٹ کی لپیٹ میں آجائیں گی، جس پر عظمی بخاری نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے جو حالات ہیں وہ دیکھ لیں، ہر ایک کو اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیئے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بولنے سے احتیاط کریں کہیں ایسا نہ ہو پیکا ایکٹ کی لپیٹ میں آجائیں، وزیر اطلاعات پنجاب شاید بھول رہی ہیں سچے ملکی اور عوامی منصوبوں پر جھوٹی تختیوں اور دعووں پر بھی پیکا ایکٹ لگ سکتا ہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ پاکستان میں تمام بڑے قومی اور عوامی منصوبے پیپلز پارٹی قیادت کی مرہون منت ہے، شہید ذولفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دنیا نے مانا، ن لیگ نے تمغہ سجایا دنیا نے دیکھا، شہید محترمہ بنظیر بھٹو نے ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کے لئے تھر کول منصوبہ شروع کیا۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ ن لیگ نے تھر کول منصوبے پر بھی ہاتھ صاف کرنے اور اپنا لیبل لگانے کی کوششں کی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی ترقی کا ضامن سی پیک کا منصوبہ دیا، ن لیگ اس پر بھی حق جتانے کی کوشش میں لگی رہتی ہے، گوادر پورٹ، کے پی کے کو شناخت سمیت اہم کارنامے اور منصوبے پی پی پی نے شروع کیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلا آئٹیزم سینٹر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بنوایا، سندھ میں سب سے پہلے ای وی بسز چلنا شروع ہوئیں، وزیر اطلاعات پنجاب کو پہلا نمبر سندھ اور پیپلزپارٹی یاد رہنا چاہیئے۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا کہ ن لیگ کب تک موٹر وے کو گاتی رہے گی، سچ چھپتا نہیں جھوٹے دعووں سے، سندھ میں موٹرویز نہ بننے کی ذمہ دار ن لیگ ہے، جب بھی ن لیگ اقتدار میں سندھ کے ساتھ ناانصافی ہوئی، کام کے لیے ویژن کی ضرورت ہوتی ہے، باتوں کی نہیں۔
اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ کے جو حالات ہیں وہ دیکھ لیں، ریکارڈ دیکھ لیں، ن لیگ نے کتنے منصوبے بنائے ہیں، ہر ایک کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔
Comments are closed on this story.