لیبیا کشتی سانحے میں جاں بحق 16 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی
یورپ جانے کی خواہش لیبیا کے ساحل پردم توڑ گئی۔ کشتی سانحہ میں جاں بحق 16 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی، 13 کا تعلق کرم ، 3 کا پشاور، باجوڑ اوراورکزئی سے نکلا۔ کشتی میں 63 میں سے 37 خوش نصیب زندہ بچ گئے، 10 اب تک لاپتہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لیبیا کے ساحل پر کشتی الٹنے کی خبرکے بعد طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے زاویہ شہر کا دورہ کیا۔ ٹیم نے مقامی حکام اور زاویہ اسپتال سے ملاقات کے بعد معلومات اکٹھی کی ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے اور اب تک 16لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور ان کی پاکستانی شہریت کی تصدیق ہوگئی ہے، کشتی حادثے میں 37 زندہ بچ گئے ہیں جن میں ایک اسپتال میں اور33 پولیس کی تحویل میں ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں دس کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں میں سے 3 طرابلس میں ہیں اور سفارتخانہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے ان لاشوں کی پاکستانی پاسپورٹ کی بنیاد پر فہرست جاری کر دی ہے، جاں بحق افراد میں کرم سے تعلق رکھنے والے ثقلین حیدر، شعیب حسین، نصرت حسین، شعیب علی، سید شہزاد حسین، عابد حسین، آصف علی، مصورحسین، اسور حسین، عابد حسین، مصائب حسین ، اشفاق حسین اور شاہد حسین شامل ہیں، جبکہ پشاور کے انیس خان، اورکزئی کے محمد علی شاہ اور باجوڑ کے سراج الدین شامل ہیں۔
لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں سراج الدین کا تعلق باجوڑکی تحصیل خار صدیق آباد پھاٹک سے ہے، اس کے 4 بھائی اور3 بہنیں ہیں، وہ سعودی عرب میں مقیم تھا جہاں سے وہ اٹلی جانے کی کوشش کر رہا تھا، موت کی خبر علاقے میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔
ہیلپ لائن نمبر:
پاکستانی سفارتخانے نے طرابلس میں ایک ہیلپ لائن بھی قائم کر دی ہے، جہاں پاکستانی شہری کسی بھی مدد یا معلومات کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
📞 واٹس ایپ: 03052185882
📞 فون نمبر: 0021891387077
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ طرابلس میں سفارت خانہ مزید معلومات اکٹھا کرنے اور مقامی حکام سے رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ حادثہ مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب پیش آیا، جہاں 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔ لیبیا کے ریڈ کریسنٹ نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا بندرگاہ پر کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریڈ کریسنٹ کے مطابق، زاویہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ اور کوسٹ گارڈ پوسٹ سے اطلاع ملنے کے بعد ٹیم نے 10 لاشیں برآمد کیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد مقامی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
Comments are closed on this story.