Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا
اپ ڈیٹ 16 فروری 2025 09:22am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کردی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ملک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹرکمی کی گئی ہے، پیٹرول کی نئی قیمت 256 روپے 13 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل 263 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 155 روپے81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 171 روپے65 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

petrol price

اسلام آباد

petroleum prices

PETROLEUM RATES

Petrol and Deisel Prices

Petrol and Diesel