پیٹرول پر لیوی کی شرح میں کمی، ڈیزل پر بڑھادی گئی
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرحوں میں اہم ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی کی شرح کم اور ڈیزل پر شرح بڑھا دی ہے۔
پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی کی شرح میں 10 روپے 83 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 102.17 روپے سے کم ہو کر 91.34 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 58 روپے سے بڑھا کر 68.93 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق لیوی اسٹرکچر میں یہ تبدیلی مجموعی پالیسی کے تحت کی گئی ہے جب کہ مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 20.36 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر لیوی میں کمی کے باوجود ڈیزل پر بوجھ بڑھا دیا گیا ہے جب کہ نئی شرحوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرحوں کا نیا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے اور اس میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل 22،22 روپے فی لیٹر سستا،2 کردیا ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فیصد جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہفتہ کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔















