Aaj News

پیر, اپريل 28, 2025  
1 Dhul Qadah 1446  

کراچی میں ہواؤں کا رخ بدلنے سے موسم سرد، جمعے سے درجہ حرارت بڑھنے کا امکان

کراچی میں جاتی سردی کو بریک لگ گیا
شائع 05 مارچ 2025 11:21am

کراچی میں جاتی سردی کو بریک لگ گیا، ہواؤں کا رخ بدلنے سے موسم سرد ہوگیا، مختلف علاقوں میں گزشتہ رات کا درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا، شہر قائد میں موسم آج خنک رہے گا جبکہ جمعے سے درج حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں گزشتہ شب سے شمال مشرق کی سمت سے خشک ہوائیں ہلکی رفتار سے چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں خنکی بڑھی ہے۔

کراچی میں گزشتہ رات کو پارہ 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو مارچ کے معمول کے درجۂ حرارت سے 6.3 ڈگری سینٹی کم ہے، مارچ کا معمول کا اوسط درجۂ حرارت 19.4 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

ماڑی پور اور اطراف میں درجۂ حرارت دیگر علاقوں سے کم رہا اور پارہ 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جناح ٹرمینل میں درجہ حرارت 11.5، بن قاسم میں 13.6، گلستانِ جوہر میں 13.2 اور شارعِ فیصل پر 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی کا موسم پھر بدلنے لگا، ہلکی ہلکی ٹھنڈ سے روزہ خوشگوار

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گزشتہ شب سے شمال مشرقی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے، اس وقت شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود، موسم سرد اور خشک ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ شہر قائد میں ہوا کی رفتار شمال مشرقی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 22 فیصد ہے۔

اندرون سندھ میں بھی درجۂ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا، کئی مقامات پر درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ پر جا پہنچا، موہن جوداڑو میں پارہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موہن جو داڑو کا درجہ حرارت مارچ کے معمول کےاوسط سے11.1ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے جبکہ مٹھی میں 3.5، میرپور خاص میں 7، جیکب آباد میں 8، شہید بینظیر آباد، سکرنڈ، سکھر اور پڈعیدن میں درجۂ حرارت 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور خراب

دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور خراب ہے، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں گیارہویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 152 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتادیا

ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔

karachi

karachi weather

karachi cold weather