Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

جعفر ایکسپریس حملہ: بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا بے نقاب

بھارتی ٹی وی چینلز نے جعلی ویڈیوز، پرانی تصاویر اور اے آئی سے بنی ویڈیوز کا سہارا لیا تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا جا سکے
اپ ڈیٹ 12 مارچ 2025 03:24pm

بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس سفید جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہوگئے۔

گزشرہ روز بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان دشمن عناصر سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹز نے کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے اور را کے پیغامات کو سوشل میڈیا پر پھیلانے کی کوشش کی، بھارتی ٹی وی چینلز نے جعلی ویڈیوز، پرانی تصاویر اور اے آئی سے بنی ویڈیوز کا سہارا لیا تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا جا سکے۔

جھوٹے پراپیگنڈے میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ مخصوص سیاسی جماعت کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، جو ریسکیو آپریشن میں افواجِ پاکستان کے خلاف زہر اُگلنے میں مصروف ہیں، جعفر ایکسپریس پر حملے کی جعلی ویڈیوز بھی بھارتی اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئیں،جن میں ایک ویڈیو 2022 کی ایک فلم کی تھی۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جعفرایکسپریس پرحملے کی خبر سب سے پہلے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بریک ہوئی، جسے بھارتی اور پی ٹی آئی اکاؤنٹس نے فوراً پھیلایا۔ مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈا کی عبارت بی ایل اے اور را کے آلہ کار لکھ رہے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان مخالف طاغوتی قوتیں غیر ملکی آقاؤں کے ہاتھوں استعمال ہو کر ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرکے اپنے ہی ملک کی منفی تصویر کشی کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ملک دشمنوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بزدل دشمن سے 190 مسافروں کو رہا کروالیا جبکہ آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔

بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ افسوس ناک واقعہ مچھ میں گڈا لار اور پیرو کنری کے درمیانی علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بولان کے پاس ڈھاڈر کے مقام پر دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا تھا، دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔

انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا تھا، یرغمالیوں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں تھے، دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔

Indian Media

Attack on Jaffar Express

BLA Train Attack