Aaj News

پیر, اپريل 28, 2025  
29 Shawwal 1446  

کراچی: شوہر نے بیوی کا گلا کاٹ دیا، شہر میں خون کی ہولی

شہر میں اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتیں بھی پیش آئیں
شائع 15 اپريل 2025 08:38am

کراچی میں پیر کو ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی گئی۔ گزشتہ روز گلشن اقبال میں شوہر نے گھریلو تنازع پر بیوی کو گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ جبکہ اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتیں بھی پیش آئیں۔

شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا واقعہ گلشن اقبال بلاک ٹو کے ایک نجی اسکول کی چھت پر پیش آیا جہاں سرفراز احمد نامی شخص نے اپنی بیوی صائمہ بی بی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی اسکول میں چپڑاسی کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کے درمیان کافی عرصے سے جھگڑے جاری تھے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کراچی: مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام سے شہریوں کو مشکلات

دوسری جانب پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک دس سالہ بچی اور ایک مرد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی کی شناخت عنایا اور مرد کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

اسی روز نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 11-E میں ایک مبینہ ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا۔ مشتعل شہریوں نے مبینہ ڈاکو کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو سے کوئی قابل ذکر چیز برآمد نہیں ہوئی، تاہم اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔

کراچی میں ٹریفک حادثات نہ تھم سکا، مختلف واقعات میں 4 زندگیوں کے چراغ گل ہو گئے

کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے۔

Karachi Street Crimes