Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
20 Shawwal 1446  

باپ کی سپاری دینے والا بیٹا، بیوی اور دوست سمیت گرفتار

بیٹے نے اپنے والد کو قتل کرانے کے لیے تین لاکھ روپے کی سپاری دی تھی
اپ ڈیٹ 15 اپريل 2025 11:55pm

کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے سنسنی خیز واردات کا سراغ لگا کر باپ کو قتل کرانے والے بیٹے سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم دانش نے اپنے والد متین کو اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کرایا۔

تفصیلات کے مطابق، دانش نے اپنے والد کو قتل کرانے کے لیے تین لاکھ روپے کی سپاری دی تھی۔ واردات کے بعد دانش، اس کی بیوی اور قریبی دوست کے پی کے فرار ہوگئے تھے، تاہم پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو گرفتار کرلیا۔

بیٹوں نے جائیداد کی خاطر سرعام روڈ پر فائرنگ کرکے بوڑھے باپ کو قتل کردیا

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول متین کیبل نیٹ ورک کا کام کرتا تھا، اور اس نے کاروبار میں مالی بدعنوانی کے باعث بیٹے کو گھر سے نکال دیا تھا۔ اسی رنجش کے باعث دانش نے باپ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایک چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

ملزم دانش کا بیان

ملزم دانش کا بیان آج نیوز نے حاصل کرلیا، بیان کے مطابق میرے والد متین کیبل کنکشن کا کام کرتے تھے، دوستوں کو 3 لاکھ میں باپ کے قتل کی سپاری دی، میرا والد سے پیسوں کی لین دین کا تنازع تھا، میرا دوست نجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ ہے۔

ملزم دانش نے بیان دیا کہ اس کے ساتھی کے ذریعے والد کو قتل کرایا، بیوی طوبہ نے والد صاحب کی ریکی کرکے دی تھی، دوست ایمن نے سپاری کی رقم فراہم کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پچاس ہزار لیکر متین کو قتل کرنے والے دو ملزمان فرار ہیں، ملزم دانش، طوبہ اور ایمن کو تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

karachi

Murder

gang arrested