دو پولیو ملازمین اغواء، نامعلوم افراد گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تحصیل کلاچی میں پولیو مہم کے دو اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ واقعہ کوٹ دولت کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک فلائنگ کوچ کو فائرنگ کر کے روکا اور دو پولیو ملازمین کو گاڑی سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق اغواء ہونے والے اہلکاروں کی شناخت رضا محمد اور محمد آصف کے نام سے ہوئی ہے، جو نیشنل ایمرجنسی پولیو مہم کی تربیت مکمل کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے۔ مسلح افراد نے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد مخصوص طور پر انہی دو اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
جیکب آباد : مسلح ڈاکووں نے پولیو ورکر خاتون کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس، انٹیلیجنس ادارے اور دیگر سیکیورٹی فورسز مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اب تک مغویوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مجرمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
رواں سال ملک کا چھٹا پولیو کیس ٹھٹھہ سے رپورٹ
یہ واقعہ انسداد پولیو مہم کے اہلکاروں کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔