صدر زرداری سے وزیرداخلہ کی اہم ملاقات؛ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریفنگ
صدر آصف علی زرداری نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے گفتگو میں کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات اورغیرمنطقی اقدامات کا جواز نہیں بنتا، پوری قوم قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں۔ وزیرداخلہ نے صدر مملکت کو بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی ہے جس میں بھارت کے حالیہ غیرذمہ دارانہ اقدامات اور قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے صدر زرداری کو بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور طے کردہ جوابی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
بھارت سے مقابلے کیلئے کسی مدد کی ضرورت نہیں، مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے، وفاقی وزرا
صدر آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت، فوری اور دوراندیش فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے تمام فیصلے پاکستانی قوم کے جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم قومی سلامتی کمیٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.