Aaj News

منگل, مئ 13, 2025  
15 Dhul-Qadah 1446  

پاکستان کا بچہ بچہ تیار ہے، جنگ کی خواہش بھارت کی خودکشی ثابت ہوگی، شرجیل میمن

بھارت ہم پر شروع سے دہشت گرد حملے کا الزام لگاتا ہے لیکن کبھی ثابت نہیں کرسکا، سینئر صوبائی وزیر
شائع 30 اپريل 2025 05:07pm

سندھ کےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھارت کو للکارتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ہمیشہ سے بھارت ملوث رہا ہے، بھارت ہم پر شروع سے دہشت گرد حملے کا الزام لگاتا ہے لیکن کبھی ثابت نہیں کرسکا، کیا آج تک کوئی ایک الزام بھارت ثابت کرسکا ہے؟ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے، پاکستان کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لیے تیار ہے، جنگ کی خواہش بھارت کی خودکشی ثابت ہوگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی مذمت کی، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان نے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا، بھارت خود دہشت گردی میں ملوث رہا، بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان میں 20 سال میں بدترین دہشت گردی ہوئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار پاکستان شہید ہوئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سابق وزیراعظم بینظیربھٹو بھی دہشت گردی میں شہید ہوئیں، مساجد، امام بارگاہوں اور سیاسی اجتماعات پر حملے ہوئے، اے پی ایس میں معصوم بچوں نے جام شہادت نوش کیا، بھارت جھوٹ اور پروپیگنڈے کا ماہر ہے، بھارت ہر چیز کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے، بھارت آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں کرسکا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہیں کررہا، بھارت مسلسل کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، بھارت نے پلواما کا ڈرامہ رچایا، مودی سرکار نے اقلیتوں کو نقصان پہنچایا، بھارت میں سکھ اور مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے، بھارت نے کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنایا، بھارتی الزامات کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن یادو جیسے دہشت گرد پاکستان کی تحویل میں ہیں، بھارتی دہشت گردی کے ٹھوس شواہد پاکستان کے پاس ہیں، 7 لاکھ بھارتی فوجی پہلگام میں موجود ہیں، حملے کے وقت 7 لاکھ فوجی کیا کررہے تھے، پاکستان ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، عوام، افواج پاکستان بھارت کومنہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کو شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ایٹمی قوت بنایا، بینظیربھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کیا، پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، وطن کے دفاع کے لیے ہم تمام سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہوجاتے ہیں، پاکستان کے تمام میڈیا ہاؤس اور اخبارات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانی ویب سائٹس اور چینلز کو بلاک کیوں کررہا ہے، بھارت کو کس بات کا خوف ہے، وطن کی جانب اٹھنے والی میلی آنکھ کو نکالنا جانتے ہیں، پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے۔

Sharjeel Memon

India Pakistan Tension

Indian Media Propaganda

Pahalgam Indian occupied Kashmir

pahalgam attack

Pehelgam Attack

PEHELGAAM ISSUE

Pahalgam incident