اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارش، حادثات میں 3 افراد جاں بحق
شدید گرمی اور حبس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم کئی شہروں میں بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے، جن میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی کے بعد طوفانی بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں زیر تعمیر مکان کی شیٹرنگ گرنے سے دو مزدور جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
پنجاب کے دیگر شہروں مری، اٹک، ٹیکسلا، حجرہ شاہ مقیم، چنیوٹ، شیخوپورہ، گجرات اور رائے ونڈ میں بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ مختلف مقامات پر درخت اور بجلی کے پول گرگئے، ایک گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ ایبٹ آباد میں بھی ژالہ باری ہوئی، جبکہ سوات، وادی کالام اور مالم جبہ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ پشاور، بنوں، چارسدہ، سوات، کوہستان، مانسہرہ، اورکزئی، کرم اور وزیرستان سمیت کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ 4 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈی آئی خان میں پارا 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
Comments are closed on this story.