Aaj News

منگل, مئ 13, 2025  
15 Dhul-Qadah 1446  
لائیو

پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل گرانے کے ثبوت دے دیے

بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد نے رافیل جہاز کے پائلٹ کی آڈیو سنا دی
اپ ڈیٹ 10 مئ 2025 12:18am
پاکستان ایئر فورس ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں (اسکرین گریب تصویر)
پاکستان ایئر فورس ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں (اسکرین گریب تصویر)
PAF Releases Evidence of Downing Indian Rafale - Aaj News

پاکستان ایئر فورس ایئروائس مارشل اورنگزیب احمد بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران بھارتی رافیل گرانے کے ثبوت دے دیے۔ نیوز کانفرنس کے دوان انھوں نے کہا کہ گاڈزیلا ناپید ہو چکے ہیں، رافیل کو بھی ناپید کر دیا ہے۔ بھارت نے 4 اطراف سے 60 طیارے بھیجے، بھارتی حملہ آور طیاروں میں 16 رافیل بھی تھے۔

اسلام آباد میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کے دوران ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بین الاقوامی میڈیا کو بھارتی جارحیت، پہلگام حملے اور بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرانے کے جو شواہد پیش کیے، جن میں مارے گئے بھارتی طیاروں کے الیکٹرانک سگنلز، رافیل اسکواڈرن کمانڈر کی آڈیو جس میں وہ گمشدہ ساتھی پائلٹ سے رابطہ نہ ہونے کی بات کر رہا ہے اور تباہ شدہ بھارتی طیاروں کے ملبے اور کریش سائٹس کی تصاویر شامل تھیں۔

ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فضائیہ نے چار مختلف سمتوں سے 60 جنگی طیارے، جن میں 16 رافیل بھی شامل تھے، پاکستانی حدود کی جانب روانہ کیے، جس کے بعد مزید طیارے بھیجے گئے اور مجموعی طور پر 72 بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود کے قریب پہنچے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے 42 جنگی طیارے فضا میں بھیجے اور موثر دفاع کیا۔

اورنگزیب احمد نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح شہریوں کی سلامتی تھی، اس لیے فوری طور پر تمام سول ایئر لائنز کا راستہ تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی فضائیہ نے فضاء میں حکمتِ عملی بدلتے ہوئے رافیل طیاروں کو مرکزی ہدف بنایا، جو بھارتی فضائیہ کا فخر سمجھے جاتے تھے۔

ایل او سی پر مار گرائے گئے بھارتی طیاروں کی تفصیلات

بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران انھوں نے بتایا کہ ایک مگ 29 طیارہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے صرف 8 ناٹیکل میل کے فاصلے پر گرایا گیا۔ ایک ایس یو30 ایل او سی سے 25 ناٹیکل میل دور تباہ کیا گیا۔ ایک بھارتی یو اے وی (ڈرون) بھی ایل او سی سے 19 ناٹیکل میل کے فاصلے پر مار گرایا گیا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پہلا رافیل طیارہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے 53 ناٹیکل میل دور گرایا گیا۔ دوسرا رافیل جموں میں ایل او سی سے 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر مارا گیا۔ تیسرا رافیل بھارتی پنجاب میں بین الاقوامی سرحد سے 23 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تباہ کیا گیا۔

پاکستان ایئر فورس ایئروائس مارشل نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ ہمارے لیے وہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ رافیل کی کال سائن کو گاڈزیلا کا نام دیا گیا تھا، گاڈزیلا ناپید ہو چکے ہیں، اس لیے رافیل کو بھی ناپید کر دیا۔ پاکستانی ائیرفورس نے گاڈزیلا-4 کو گرایا۔

ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اس جدید جنگ میں ہم قیاس آرئیاں نہیں کر سکتے، پاکستان کے کامیاب دفاع پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔ پاک فضائیہ بھارتی حملوں کے خلاف دو منٹ میں بروئے کار آئی۔

DG ISPR

Inter Services Public Relations (ISPR)

Rafale Fighter Jets

Pakistan India Clash 2025

Indian Aircrafts Crash

pakistan india war

Air Vice Marshal Aurangzeb Ahmad