پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کر دی گئی
پاکستان کی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گیا ہے ہے۔ تمام ائیر پورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کردی گئی۔ ملک کے تمام ائیرپورٹس معمول کے فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب ہیں۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسافروں سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر متفق ہو گئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کر دی
حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پروازیں اب سے شیڈول کے مطابق سعودی عرب روانہ ہوں گی، فلائٹ آپریشن کی وقتاً فوقتاً بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں، لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 جبکہ کراچی اور ملتان کی ایک، ایک حج پرواز منسوخ ہوئی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ فلائٹس منسوخی کے باعث 2 ہزار 290 عازمین کا شیڈول متاثر ہوا، ایک ہزار 277 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جا چکا ہے، رہ جانے والے ایک ہزار 13 عازمین کو جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کردیا جائے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں، عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے پی آئی اے کی چار خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 277 عازمین کو روانہ کیا گیا، پی آئی اے کی مزید تین خصوصی پروازیں جلد لاہور، کراچی اور ملتان سے روانہ کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ملکی فضائی حدود تمام قسم کی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم بھی جاری کیا گیا۔
بھارت کی جانب سے ڈرون حملوں کے بعد لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی 450 پروازیں متاثر ہوئیں۔
گذشتہ روز حاجیوں کی پروازوں سمیت دبئی، دوحہ، شارجہ، کوالالمپور، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور آنے اور جانے والی 150 پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔
یہ اقدام سیکیورٹی صورتِ حال اور قومی فضائی سلامتی کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔ ملکی اور غیر ملکی تمام ایئر لائنز کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
Comments are closed on this story.