Aaj News

بدھ, جون 25, 2025  
28 Dhul-Hijjah 1446  

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال: سیز فائر کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریباً 10 ہزار پوائنٹس اضافہ

غیر معمولی اضافے کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 100 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا
اپ ڈیٹ 12 مئ 2025 02:26pm

پاک بھارت حالیہ تصادم میں سیز فائر کے بعد ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے لگے ہیں، جس کا عملی مظاہرہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دیکھا گیا جہاں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔

پیر کے روز مارکیٹ کھلتے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نظر آیا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 10,000 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس غیر معمولی اضافے کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 17 ہزار 100 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ جمعہ کو کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 7 ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سیز فائر کے بعد کی صورتحال کو سرمایہ کاروں نے مثبت قرار دیتے ہوئے مارکیٹ میں بھرپور سرمایہ کاری کی، جس سے نہ صرف مارکیٹ کا حجم بڑھا بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی حوصلہ افزا اشارے ملے۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں سیاسی کشیدگی کم ہوتی رہی تو اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا یہ رجحان آئندہ دنوں میں مزید مستحکم ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 30 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ڈالر 281.40 روپے کی سطح پر آ گیا۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جب کہ فاریکس مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی مرکزی بینک کی پالیسی، درآمدات میں کمی اور ترسیلات زر میں بہتری کے اثرات کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔

Pakistan vs India

Pakistan Stock Exchange (PSX)

Pakistan India Clash 2025