Aaj News

اتوار, جون 15, 2025  
19 Dhul-Hijjah 1446  

خیبر پختونخوا میں شدید گرمی ، محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے 04 دن شدید گرمی رہے گی، محکمہ موسمیات
اپ ڈیٹ 21 مئ 2025 12:42pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں 20 مئی سے 24 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، میدانی اور جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چار روز تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت نوشہرہ، مردان اور چارسدہ میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، ٹانک اور دیگر جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جس سے ہیٹ ویو کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

تاہم ایبٹ آباد، کوہستان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 13 ڈگری اور سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سخت گرم اور خشک رہے گا، اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا البتہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

سندھ بھر میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بارش کی کوئی واضح پیش گوئی نہیں کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

Hot Weather

Weather Updates

hot and dry weather

Department of Meteorology