پنجاب اور کے پی میں آج رات سے بادل برسنے کی پیش گوئی
آج رات سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بادل برسنے کا امکان ہے، مرطوب ہوائیں بالائی اوروسطی علاقوں میں داخل ہوگئیں۔ ہفتے کو مغربی ہوا کا سسٹم بالائی علاقوں کو لپیٹ میں لے گا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے آج رات سے آندھی کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں بھی آج رات سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کاسلسلہ آئندہ روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھرمیں آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، ترجمان کے مطابق 23 اور 24 مئی کے دوران گوجرانوالہ، چکوال، منڈی بہاوالدین، جہلم، راولپنڈی، گلیات، مری، اٹک میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، قصور، سیالکوٹ ،نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد ،جھنگ، میانوالی اور جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی بھی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کہتے ہیں کہ بارشوں کے سلسلے سے گرمی اور ہیٹ ویو میں کمی آئے گی، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، بجلی اور طوفانی بارش کی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے پشاور سمیت صوبے کے بیشتراضلاع میں آج رات سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کاسلسلہ کل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔
اس دوران پشاور،چترال، دیر،سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے اسی طرح چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، وزیرستان، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا۔ اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے اقدامات اور چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بھی پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں اگلے 12 سے 36 گھنٹوں کے دوران بارشوں، گرج چمک کے ساتھ آندھی اور مٹی کے طوفان کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ان موسمی حالات سے ہیٹ ویو سے عارضی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ تاہم، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے باعث کمزور درخت اکھڑ سکتے ہیں اور بجلی کی عارضی بندش کا سبب بن سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
دیگر صوبوں سندھ اور بلوچستان میں گرمی کا قہر جاری ہے۔ سبی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 51 ڈگری تک جا پہنچا۔ دادو میں 50 ڈگری کی گرمی جبکہ شہید بے نظیرآباد، موئن جودڑو اور جیکب آباد میں پارہ 49 پرجا پہنچا۔
Comments are closed on this story.