Aaj News

جمعہ, جون 20, 2025  
23 Dhul-Hijjah 1446  

سینٹ میں بھی مالی سال 2025-26 کا فنانس بل پیش، اپوزیشن کا شدید احتجاج

کمیٹی کو 10 روز میں سفارشات جمع کرانے کی ہدایت، ممبران اپنی تجاویز کمیٹی کو تین روز میں جمع کرائیں، چیئرمین
شائع 10 جون 2025 09:44pm

سینٹ میں بھی مالی سال 2025-26 کا فنانس بل پیش کردیا گیا، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اراکین سے 3 روز کے اندربجٹ تجاویز طلب کرلیں جبکہ فنانس کمیٹی کو 10 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا، جس میں آغاز پر سابق سینیٹر عباس آفریدی کی وفات پر فاتحہ خوانی کروائی گئی۔

ایوان میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور غزہ کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کرائی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کا فنانس بل ایوان میں پیش کیا تو اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شدید نعرے بازی شروع کردی۔

اپوزیشن اراکین نے جعلی بجٹ اور جعلی حکومت نامنظور کے نعرے لگائے اور کسانوں کا قتل، تنخواہ دار طبقے کا قتل کے نعرے لگائے۔

چئیرمین سینیٹ نے مالیاتی بل قائمہ کمیٹی خزانہ کے سپرد کرتے ہوئے بجٹ پر 10 روز میں سفارشات جمع کروانے کی ہدایت کی اور ممبران کو کہا کہ وہ تین روز میں سفارشات کمیٹی کو جمع کرواسکتے ہیں، اس کے بعد کوئی نئی تجویزقابلِ قبول نہیں ہوگی۔

ایوان میں سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 اور نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 1997 سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ اس دوران اپوزیشن کا احتجاج اور نعرے بازی مسلسل جاری رہی۔

چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا۔

senate

budget

Finance Bill

Budget 2025 26

Budget 2025 2026