ایران اسرائیل کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں تیل کی غیر یقینی صورتحال، پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں اور رسد پر اہم اجلاس
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر وزیر اعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور رسد کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ کمیٹی وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حالیہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں تشکیل دی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، رسد، ذخائر اور ممکنہ اثرات کا مسلسل تجزیہ کیا جا سکے۔
اجلاس میں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جو روزانہ کی بنیاد پر عالمی حالات کا جائزہ لے کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دستیابی پر اثرات کی رپورٹ دے گا۔ ورکنگ گروپ تیل کی رسد، قیمتوں، مارکیٹ سپلائی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے گا اور فوری اقدامات تجویز کرے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کو کمیٹی کیلئے سیکرٹریٹ کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی نے ملک میں موجود پیٹرولیم ذخائر پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پیٹرولیم ذخائر پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی اور کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ ملک میں ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان پر کس حد تک پڑیں گے، اس بارے میں ورکنگ گروپ آئندہ دنوں میں سفارشات مرتب کر کے پیش کرے گا۔
Comments are closed on this story.