قومی اسمبلی اسٹاف سے بدتمیزی کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کیخلاف کارروائی پر غور
قومی اسمبلی کے اسٹاف سے بدتمیزی کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کارروائی پر غور کیا جارہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے بدتمیزی کرنے والے ارکان کی فوٹیج طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسٹاف سے بدتمیزی کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کارروائی پر غور شروع کردیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے اپوزیشن ارکان کی اسمبلی اسٹاف کو گالیاں دینے کا معاملہ ایوان میں اٹھایا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں اپوزیشن ارکان کے خلاف کارروائی پر غور جاری ہے، حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ایوان میں تلخ کلامی کا معاملہ بھی زیرغور ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اسٹاف سے بدتمیزی کرنے والے ارکان کی ویڈیو فوٹیج طلب کرلی جبکہ پی ٹی آئی کے نثار جٹ کے نازیبا زبان کے استعمال پر کارروائی کا مطالبہ بھی زیرغور ہیں۔
پی ٹی آئی کے نثار جٹ نے ایوان میں آغا رفیع اللہ سے معافی مانگ لی
بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت پونے 3 گھنٹے بعد دوبارہ شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے نثار جٹ نے کہا کہ کچھ وقت پہلے ایوان میں ناخوشگوارواقعہ ہوا، میں تیسری بارایوان کا ممبر بنا ہوں، ایوان میں کسی رکن کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں، میں اپنے الفاظ پر معافی مانگتا ہوں۔
جس پر آغا رفیع اللہ نے نثار جٹ کی معذرت قبول کرلی، جس کے بعد معاملہ رفع دفع کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے ملک میں جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
Comments are closed on this story.