Aaj News

اتوار, جولائ 13, 2025  
17 Muharram 1447  

بجٹ پیش نہ کرنے کا پروپیگنڈا اپنوں کا تھا، اس سے ہماری حکومت چلی جاتی، علی امین گنڈا پور

حکومت مضبوط، کوئی رکن کہیں نہیں جا رہا، گورنر کچھ نہیں بگاڑ سکتے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2025 09:35pm

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے، کوئی بھی رکن کہیں نہیں جارہا، گورنر خیبر پختونخوا ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، بجٹ نہ پیش کرنے کا پروپیگنڈا اپنوں کا تھا، بجٹ پاس نہ ہوتا تو حکومت جاتی اور قصور ہمارا ہوتا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ محرم الحرام امن کے ساتھ گزر جائے، سیکیورٹی ادارے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، تمام سیکیورٹی اہلکار خراج تحسین کے مستحق ہیں، ہمارے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ بھی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج کا دن سیاست کا نہیں، ہمیں اپنی اسلامی تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیئہے، اسلام پر عمل کرنے سے دنیا اور آخرت میں عافیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو میں جو کمی ہیں وہ دور کریں گے، اپنے محکموں کو مکمل سامان فراہم کریں گے، تجاوزات کے خلاف آپریشن سیاسی بنیادوں پر نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ جسے زعم ہے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے، حقیقت سامنے آجائے گی، بجٹ پاس نہ کرتے تو حکومت چلی جاتی اور قصور ہمارا اپنا ہی ہوتا، مخالفین شادیانے بجاتے، ہمارے اپنے ہی ساتھیوں کا پروپیگنڈا تھا کہ بجٹ پیش نہ کرو اور پھر بجٹ پاس نہ کرنے کا شور شروع کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے کاغذات نامزدگی کی بنیادپر مخصوص نشستوں کیلئے عدالت سے رجوع کرنے جارہا ہوں ، میں آزاد نہیں پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور میں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو آزاد نہیں لکھا، کاغذات نامزدگی میں پی ٹی آئی کا نام لکھا تھا۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ دریائے سوات واقعہ کی ڈسکہ کی متاثرہ فیملی کےلواحقین سرکاری نوکری کا تقاضہ کررہے ہیں، پنجاب ڈومیسائل کی بنیاد پرکے پی میں سرکاری نوکری نہیں مل سکتی، لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 2 کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے، 2کروڑ روپے کو کیسے کاروبار کے لیے استعمال کرنا ہے، اس کا بھی مشورہ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت شروع کرنی چا ہئے، خود دیگر ممالک کی شہریت کے لیے دوڑیں لگاتے ہیں اور افغانوں کو شہریت نہیں دے رہے۔

سوات سانحہ کے ذمہ داروں کو سزا ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے شبیہ عاشور کی سیکیورٹی کے لیے قیام کیا گیا کوہاٹی سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے میں تقریباً 10 ہزار مجالس ہوتی ہے اور ایک ہزار کے قریب عشورہ کے جلوس ہوتے ہیں، تمام جگہوں پر سخت سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے، کنٹروم روم سے مجالس کی مونیٹرنگ ہورہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ سوات سانحہ کے ذمہ داروں کو سزا ہوگی، سانحے کے بعد سوات سمیت صوبہ بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سیاسی یا انتقامی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا، تجاوزات کے خلاف آپریشن ہر کسی کے لیے ہوگا، جو بھی تجاوزات کی زد میں آئے گا کارروائی کریں گے۔

خیبر پختونخوا

cm kpk

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur