سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں، معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی، سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مانیٹرنگ روم کا معائنہ اور یوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں، معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان اور اعلیٰ حکام نے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ سرفرا بگٹی اور حکام نے سینٹرل پولیس آفس میں قائم مانیٹرنگ روم کا معائنہ بھی کیا۔
سرفراز بگٹی نے شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے روٹس، حساس مقامات اور داخلی راستوں کی مؤثر نگرانی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ رہیں، معمولی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ادارے باہمی ہم آہنگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں، امن و امان کے قیام کے لیے حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام یکجا ہیں، جلوسوں، مجالس اور عوامی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔