ہم ٹکراؤ کرنے نہیں آئے لیکن کچھ چیزوں کی وضاحت ضروری ہے، بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی ہے، اور جو الفاظ استعمال ہوئے وہ مناسب نہیں تھے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی قیادت نے پریس کانفرنس کی، جس میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی غیر معمولی پریس کانفرنس کرنے جا رہی ہے، آج کی پریس کانفرنس کی ٹون کل کی پریس کانفرنس سے مختلف ہو گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ٹکراؤ کرنے نہیں آئے لیکن کچھ چیزوں کی وضاحت ضروری ہے۔ صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کے خلاف لفظ کہے گئے، ہمیں اپنی انا کو ختم کرکے آگے بڑھنا ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جنوری میں سزا ہوئی آج دسمبر ہےکیس فکس نہیں ہوا۔ ہم نے جتنا برداشت کیا اس ملک اور جمہوریت کی خاطر کیا، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینے نہیں آئے، اگر ایسا رویہ جاری رہا تو جمہوریت کی ایسی کی تیسی ہو جائے گی، اگر حالات ایسے رہے تو مائنس ون نہیں مائنس ایوری ون ہو گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات میں جیلوں میں ہیں، ہم 180 سیٹوں سے 91 پر پہنچے آج 71 پر ہیں، ہمارے گھر کی نشست بھی چلی گئی ہم صبر کر کے بیٹھے رہے، ہم نے کہا پاکستان تحریک انصاف جمہوری اصولوں پر کار بند ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل آگیا
دوسری جانب پریس کانفرنس میں شامل تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں طاقت کا نشہ ہے, ملک میں جو حالات ہیں ان کا تجربہ بار بار ہوا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ مشرف دور آیا تو کہا گیا کہ موڈریشن کا دور آ گیا ہے ہم بین الاقوامی معیشت کا حصہ بن جائیں گے یہاں ہسپتال بنیں گے سڑکیں بنیں گی لیکن وقت آیا اس شخص کو اس ملک میں ہسپتال تک نصیب نہیں ہوا ۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آج ملک تاریک ترین جگہ پر ہے، ملک میں بیروزگاری ہے، تعلیم اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اور کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جیل خانہ بنا کر معاشی ترقی کی بات کی جا رہی ہے جو ایک جھوٹا خواب اور سیراب ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کئی جابر مارشل لاٗز آئے اور ملک ٹھیک کرنے کی باتیں ہوئیں لیکن ہم آج وہیں کھڑے ہیں، الیکشن میں جو کچھ ہماری جماعت کے ساتھ ہوا وہ بھولے نہیں اور نہ ہی بھولنے دیں گے۔










