ایبٹ آباد: ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ڈاکٹر وردہ کے قتل کے خلاف آج خیبر پختونخوا میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے۔
شائع 09 دسمبر 2025 06:41pm

ایبٹ آباد میں لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق قتل کیس کے چار ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ایبٹ آباد میں لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق قتل کیس کی سماعت کے دوران چاروں گرفتار ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ڈاکٹرز کے مطالبے پر مقدمے میں انسدادِ دہشتگردی کی دفعات شامل کی تھیں۔

عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزمان ردِا جدون، اسکے شوہر وحید، ندیم اور پرویز کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ایک اور ملزم شمریز تاحال فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر وردہ کے قتل کے خلاف آج پشاور، ایبٹ آباد، مردان، ملاکنڈ سمیت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے۔

ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ تمام سروسز کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے واقعے کے خلاف صوبہ بھر میں ہڑتال اور احتجاج کے ساتھ تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا تھا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صوبے میں عدم تحفظ بڑھ رہا ہے اور متعدد بار مطالبات کے باوجود صوبائی حکومت نے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔


گزشتہ روز ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ مقتولہ ڈاکٹر وردہ کو جمعرات کے روز انکی سہیلی رِدا جدون اسپتال سے ساتھ لے گئی تھی اور اغوا کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ہی انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔ ڈی پی او کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر پیر کے روز ڈاکٹر وردہ کی لاش برآمد کی گئی۔

ایبٹ آباد: امانت واپس مانگنے پر لیڈی ڈاکٹر کا قتل، پولیس کا جے آئی ٹی بنانے کا اعلان

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر وردہ کے لاپتہ ہونے پر ملزمہ ردا اور دیگر تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ مقتولہ نے 2023 سے اپنی سہیلی کے پاس تقریباً 67 تولے سونا رکھوایا ہوا تھا، جسے واپس دینے کے بہانے انہیں ساتھ لے جایا گیا۔


پولیس کے مطابق ملزمہ ردا نے ڈاکٹر وردہ کو اپنے زیر تعمیر گھر لے جا کر انہیں ملزمان اورنگزیب اور ندیم کے حوالے کیا، جنہوں نے انہیں لڑی بنوٹا کے علاقے میں قتل کر دیا۔ مقتولہ کی نمازِ جنازہ گزشتہ شب رحمت آباد میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

Abbottabad

DPO Abbottabad

Dr. Warda Murder

Doctors Protest in KPK

Doctors Protest

Dr Warda Murder Case