نیشنل گیمز میں ایک ساتھ شرکت، ویٹ لفٹنگ میں بیٹی نے والدین کو ہرا دیا

مدیحہ نے 129 کلوگرام وزن اٹھایا، جبکہ والدہ 108 کلوگرام وزن اٹھا سکیں۔
شائع 11 دسمبر 2025 10:04am

نیشنل گیمز ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں ایک خاندان اس وقت مرکز نگاہ بن گیا ہے، جب بیٹی نے اپنی والدہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سلور میڈل جیت لیا۔

کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں اس خاندان کے تین افراد ایکشن میں نظر آئے، جنہوں نے مختلف ڈپارٹمنٹس کی نمائندگی کی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ ویٹ لفٹر مدیحہ زبیر نے نیشنل گیمز کے ویمن ویٹ لفٹنگ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 86 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔ مدیحہ نے مجموعی طور پر 129 کلوگرام وزن اٹھایا، جبکہ ان کی والدہ زاہرہ زبیر، جو آرمی کی نمائندگی کر رہی تھیں، 108 کلوگرام وزن اٹھا سکیں۔

ارشد ندیم نے دوسری بار نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا

مدیحہ اور ان کی والدہ کا مقابلہ ایک ہی کیٹیگری میں ہوا، اور مدیحہ نے اپنی والدہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میڈل جیتا۔ والدہ زاہرہ نے اپنی ہار کو جیت سمجھتے ہوئے کہا کہ میڈل نہ جیتنے کے باوجود وہ خوش ہیں کہ ان کی بیٹی نے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اس تجربے کو انتہائی خاص اور منفرد قرار دیا، کیونکہ مقابلے کے دوران ان کے اندر ممتا کا احساس بھی برقرار تھا۔

مدیحہ نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی ویٹ لفٹنگ کا ماحول ملا، کیونکہ ان کے والد، دادا اور والدہ سب ہی ویٹ لفٹرز ہیں۔ وہ نیشنل گیمز میں میڈل جیت کر خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے دادا اولمپیئن محمد منظور کی طرح اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

پی ایس ایل ٹیم نیلامی:غیر سنجیدہ افراد سے بچنے کے لیے بڈنگ فیس مقرر

مدیحہ کے والد، زبیر منظور بھی پاکستان کے انٹرنیشنل ویٹ لفٹر ہیں اور وہ نیشنل گیمز میں پاکستان پولیس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ آج اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

زبیر منظور کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ اور بیٹی کی کامیابی پر خوش ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ گھر کے ہر فرد کو پاکستان کے رنگ میں رنگا جائے۔

زبیر کے والد، محمد منظور نے 1976 اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور ایشین گیمز میں برانز میڈل حاصل کیا تھا۔

زبیر کے بھائی ذوہیب اور بہن صائمہ بھی ویٹ لفٹر ہیں اور نیشنل گیمز میں مختلف ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔

national games

Husband, Wife, and Children

Same Family