جنرل فیض کو اپنے جرائم کی سزا ملی، عمران خان مکافات عمل سے گزر رہے ہیں: بلاول

عمران خان طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، آج مکافات عمل سے گزر رہے ہیں: چیئرمین پیپلز پارٹی
شائع 11 دسمبر 2025 07:37pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو سیاسی فرعون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو سیاسی فرعون دیکھے، عمران خان طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، آج مکافات عمل سے گزر رہے ہیں، جنرل فیض کو اپنے جرائم کی سزا ملی، فیصلہ تاریخی ہے۔

جمعرات کو چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورہ پنجاب کامیاب رہا،کارکنان سے ملاقاتیں ہوئیں، خیبرپختونخوا میں گورنرراج سے متعلق بات نہیں ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ فیض حمید سے متعلق تاریخی فیصلہ ہے، فیض حمید کو جرم کے مطابق 14 سال قید ہوئی ہے، میں نے وقت کے 2 فرعون دیکھے ہیں، ایک فرعون بانی پی ٹی آئی ہیں، طاقت کے نشے میں فیصلے ہوتے تھے، بانی پی ٹی آئی طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اللہ ذمہ داری دیتا ہے تو عملدر آمد کرنا چاہیے، فریال تالپور اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا، آج بانی پی ٹی آئی خود جیل میں ہیں، یہ مکافات عمل ہے، بانی پی ٹی آئی کو اپنے جرائم کا جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میثاق جمہوریت کے مطابق آئینی عدالت بنائی گئی، فیض حمید کے خلاف مزید ٹرائل باقی ہے، ہم صوبائی حکومت کے اختیارات کے حق میں ہیں۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پی ڈی ایم حکومت نے ملکی معیشت کو سنبھالا۔

واضح رہے کہ آج جمعرات کو آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیض حمید کے خلاف 4 الزامات سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات و سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور متعلقہ افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا کے تحت کارروائی کی گئی اور انہیں 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

Bilawal Bhutto

imran khan

Bilawal Bhutto Zardari

Faiz Hameed

General Faiz Hameed

Pakistan People's Party (PPP)

Faiz Hameed Punishment