انڈر 19 ایشیا کپ فتح: کھلاڑیوں کے لیے بڑے انعامات، وطن واپسی پر شاندار استقبال
انڈر 19 ایشیا کپ میں تاریخی فتح کے بعد پاکستان انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ وطن واپسی پر نوجوان کھلاڑیوں کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار اور یادگار استقبال کیا گیا۔
پاکستان انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ جیتنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لیے فی کس پچاس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں شاندار کھیل پیش کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
محسن نقوی نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈر نائنٹین ٹیم نے ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے فائنل میں شاندار اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کی خصوصی طور پر تعریف کی اور انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔
چیئرمین پی سی بی نے سمیر منہاس کے لیے ایک انفرادی انعام کا بھی اعلان کیا۔ پی سی بی اس سے قبل ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر بھی کھلاڑیوں کے لیے فی کس پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر چکا ہے۔
ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم دبئی سے وطن واپس پہنچی تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ رات گئے بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔
پی آئی اے کی خصوصی پرواز ٹیم کو لے کر اسلام آباد پہنچی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بھی ایئرپورٹ پر فاتح ٹیم کا استقبال کیا۔
وطن واپسی پر ٹیم کے استقبال کے موقع پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور کھلاڑیوں کو وی آئی پی پروٹوکول کے تحت ہوٹل منتقل کیا گیا۔ ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور قافلے میں آئی جی اسلام آباد بھی شامل تھے، جبکہ کھلاڑیوں کو ڈبل ڈیکر بسوں میں ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تیرہ سال بعد انڈر نائنٹین ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دی۔ 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ فتح کے بعد قومی کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ شکر ادا کیا، جبکہ مہمان خصوصی محسن نقوی نے پاکستانی کپتان کو ٹرافی پیش کی۔
فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 172 رنز بنائے، جن میں 9 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔ انہیں میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بولنگ میں علی رضا، عبدالسبحان اور صیام نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
میچ کے بعد فاسٹ بالرز علی رضا اور عبدالسبحان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اب ان کی نظریں انڈر نائنٹین ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کے لیے اسی جذبے سے کھیل کر کامیابی حاصل کی جائے۔ اس فتح کے بعد نوجوان کھلاڑیوں اور شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

















