ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برف باری کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کی دوبارہ آمد کے باعث آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ کراچی میں بھی موسمِ سرما کی پہلی بارش متوقع ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (محکمہ موسمیات) کے مطابق 29 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے اثرات مختلف علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 29 سے 31 دسمبر کے دوران بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد، مری، گلیات اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں 30 دسمبر سے 2 جنوری تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی موسمِ سرما کی پہلی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں 30 دسمبر کو موسمِ سرما کی پہلی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے بھی متوقع خراب موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 29 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کی توقع ہے۔ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق خراب موسم کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ سیاحوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے کسانوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔











