’امتِ مسلمہ کا اتحاد اور خطے کا امن ناگزیر ہے‘: وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے گفتگو کے بعد بیان

پاکستان اور سعودی عرب کا روشن مستقبل، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ امید
شائع 01 جنوری 2026 10:36am

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں ایک روشن، پرامید اور مضبوط مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات حالیہ مہینوں میں مزید وسعت اختیار کر چکے ہیں اور آئندہ دنوں میں تعاون کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں محمد بن سلمان سے گفتگو کو نہایت خوشگوار اور دوستانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس رابطے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ دونوں ممالک نہ صرف قریبی دوست ہیں بلکہ ایک دوسرے کے مشکل وقت میں بھی ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کے اندر اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے اور خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن اور استحکام کے لیے کوششوں کا حامی رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے ارادے کا بھی اظہار کیا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک بار پھر اس بات پر زور دیا گیا کہ امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے رواں سال کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقاتیں نہایت مفید ثابت ہوئیں اور ان کی بدولت پاک سعودی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات اور تعاون کے جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اس موقع پر سعودی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

UAE

Saudi Crown Prince

yemen

Muhammad bin Salman

PM Shehbaz Sharif