صارفین کے لیے اچھی خبر: حکومت کا گیس قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

پیٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات کے مثبت نتائج کا ریلیف صارفین کو فراہم کر رہے ہیں، وزیر پیٹرولیم
شائع 06 جنوری 2026 09:04pm

گیس صارفین کے لیے اچھی خبر ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں سال سے گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ دونوں گیس کمپنیوں کے صارفین کے لیے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم سیکٹر میں اصلاحات کے مثبت نتائج کا ریلیف صارفین کو فراہم کر رہے ہیں جب کہ گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں مزید اضافہ بھی رک گیا ہے۔

منگل کو مصطفیٰ محمود کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا پیٹرولیم ڈویژن میں اجلاس ہوا، جس میں وزیر پیٹرولیم اور سوئی گیس کمپنیز حکام نے سیکٹر سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس قیمتوں میں کوئی اضافہ نہ ہونے کی خوشخبری بھی سنائی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے گیس قیمتیں نہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے جنہیں اب برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اصلاحات سے گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں مزید اضافہ بھی رک گیا ہے، سیکٹر کا موجودہ گردشی قرض 3 ہزار ارب روپے ہے جس میں ایل پی ایس شامل ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ قطر نے مشکل صورت حال میں کنٹریکٹ کی شرائط برقرار رکھیں، قطر سے جب عالمی سطح پر ایل این جی کارگو 30 ڈالر تک گیا پھر بھی قطر نے معاہدے کے تحت ہمیں فراہمی جاری رہی اور ہم قطر کے اس تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صارفین کے لیے خوشخبری: اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی کردی

انہوں نے مزید کہا کہ گیس کے گردشی قرض کا فلو صفر ہے، اس وقت گیس کا گردشی قرض 3 ہزار ارب روپے ہے، گیس کے گردشی قرض میں 1700 ارب روپے سود کے ہیں، اگر گردشی قرض بڑھ رہا ہوتا تو گیس کی قیمت بڑھانا پڑتی ہے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ رواں سال گیس کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی، رواں سال گیس کی قیمت برقرار رہیں گی۔

قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاور سیکٹر صبح 800 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مانگتا ہے، دن 12 بجے وہی سیکٹر 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مانگ رہا ہوتا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاور سیکٹر نے جنوری میں 200 ایم ایم سی مانگی ہے، اب کہہ رہے ہیں 500 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دیں، انڈس بیسن میں ترکش پیٹرولیم نے سمندر میں ڈرلنگ کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنیاں بھی جوائنٹ وینچر میں ہیں ہم نے ان کو پیسے دینے ہیں۔

دوسری جانب وزیر پیٹرولیم نے میڈیا سے گفتگو میں گیس قیمتیں نہ بڑھانے کو اصلاحات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر سے اضافی ایل این جی کارگو عالمی منڈی منتقلی کا کامیاب معاہدہ بھی ہو گیا ہے جب کہ ملکی سطح پر کوئی بھی گیس فیلڈ بند نہیں ہے۔

ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ، یکم جنوری سے نئی قیمتیں مقرر

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں چئیر مین کمیٹی نے کہا کہ سی ایس آر کا پورا طریقہ کار صحیح نہیں چل رہانوید قمر کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی نے سفارشات دی ہیں جس کے مطابق سی ایس آر کے حوالے سے قوانین کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں ہو رہا، سی ایس آر فنڈز کی موجودہ پالیسی کے مثبت نتائج نہیں برآمد ہورہے جب کہ سی ایس آر فنڈز کا درست استعمال بھی نہیں ہورہا، سی ایس آر کے فنڈز سولر سسٹم جیسی سہولیات کی فراہمی پر بھی خرچ کیے جائیں۔

قائمہ کمیٹی کو ایم ڈی سوئی نادرن نے گیس فراہمی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، جس پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

federal government

gas prices

Gas

Minister of Petroleum

ali pervez malik

Minister of Petroleum Ali Pervez Malik