امریکی صدر ٹرمپ کا آوازیں کسنے والے شخص کو نازیبا اشارہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ریاست مشی گن میں واقع فورڈ فیکٹری کے دورے پر ایک واقعہ سامنے آیا جس نے خبروں میں جگہ بنالی ہے۔
ٹرمپ نے یہ دورہ امریکی صنعت اور ملازمتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کیا تھا، لیکن اس دوران ایک فیکٹری ورکر نے صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد صورتحال معمول سے ہٹ گئی۔
جب ٹرمپ فیکٹری کے اندر ایک پلٹ فارم سے گزر رہے تھے تو ایک شخص نے انہیں چیخ کر ”پیڈوفائل پروٹیکٹر“ کہا، یعنی ایسا شخص جو جنسی جرائم سے تعلق رکھنے والے افراد کا تحفظ کرتا ہے۔
ٹرمپ کے خلاف کی گئی یہ تنقید جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کیس کے پس منظر میں کی گئی تھی۔ اس حوالے سے جاری ایپسٹین فائلز میں متعدد بار ٹرمپ کا ذکر آیا ہے۔
یہ واقعہ ایک ویڈیو میں ریکارڈ ہوا جسے سب سے پہلے ایک انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’ٹی ایم زی‘ نے پوسٹ کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرمپ آوازیں کسنے والے شخص کی طرف دیکھا، اس کے بعد وہ گالی دیتے ہوئے چلتے رہے اور اپنی درمیانی انگلی سے نازیبا اشارہ بھی کر دیا۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
اس پورے واقعے کے دوران اس شخص کی شناخت سامنے نہیں آئی جو آوازیں کس رہا تھا۔
وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر ٹرمپ کے ردِعمل کا دفاع کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر نے ایک بیان میں کہا کہ صدر پر چیخنے والا فرد شدید جذباتی حالت میں تھا اور صدر نے جو ردِعمل دیا وہ مناسب اور واضح تھا۔
ٹرمپ کے اس طرح کے غیر روایتی رویے کی ویڈیو پہلی بار وائرل نہیں ہوئی، پچھلے برس بھی وہ عوامی تقریروں اور مباحثوں میں الفاظ کے انتخاب میں سخت ردِعمل ظاہر کر چکے ہیں۔
واقعے کے بعد فورڈ کمپنی نے بھی کہا ہے کہ ادارے کے اندر احترام ایک اہم قدر ہے اور غیر مناسب رویے پر داخلی سطح پر کارروائی کی جاتی ہے۔












