ہر کوئی 2016 کی تصاویر کیوں شیئر کر رہا ہے، یہ نیا ٹرینڈ کیا ہے؟
سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ایک نیا مگر پرانی یادوں سے جڑا ٹرینڈ تیزی سے وائرل ہو گیا ہے، جس میں لوگ اپنی 2016 کی تصاویر اور ویڈیوز دوبارہ شیئر کر رہے ہیں۔ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر صارفین دس سال پرانی زندگی کی جھلکیاں دکھا کر ماضی کو تازہ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا فیڈز پر دھندلی آئی فون تصاویر، اسنیپ چیٹ کے پرانے فلٹرز، کم معیار کی ویڈیوز اور اس دور کی مقبول موسیقی نمایاں نظر آ رہی ہے۔ ان پوسٹس کے ساتھ ایک جملہ بار بار دکھائی دیتا ہے: ”2026 ہی نیا 2016 ہے“۔ کئی کریئیٹرز اپنی ڈیجیٹل گیلریز اور پرانے اکاؤنٹس کھنگال کر 2016 کی تصاویر کو کیروسل پوسٹس یا مختصر ویڈیوز کی صورت میں پیش کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بہت سے صارفین کے لیے 2016 زندگی کا نسبتاً سادہ اور خوشگوار دور تھا، جب ذمہ داریاں کم اور زندگی کی رفتار سست محسوس ہوتی تھی۔ اسی احساسِ سکون اور خوشی کو دوبارہ جینے کے لیے لوگ ماضی کی یادوں کی طرف لوٹ رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ٹرینڈ صرف عام صارفین تک محدود نہیں رہا بلکہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی ہے۔
بھارتی اداکارہ اننیا پانڈے نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے 2016 کی چند یادگار جھلکیاں تصاویر کی صورت میں پیش کیں۔
اسی طرح بولی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی 2016 کو یاد کرتے ہوئے ایک مختصر تھرو بیک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنی فلم نیر جا کی ریلیز اور آنند آہوجا سے محبت کے آغاز کا ذکر کیا۔
بھارتی اداکارہ اور کنٹینٹ کریئیٹر کُشا کپیلا نے بھی اس وائرل ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے انسٹاگرام پر 2016 کی اپنی پرانی تصاویر دوبارہ شیئر کیں اور ماضی کی یادوں کو تازہ کیا۔
انٹرنیشنل سیلیبریٹیز بھی اس رجحان سے پیچھے نہیں رہیں۔ ہالی ووڈ کے مشہور گلوکار اور نغمہ نگار خالد نے 2016 کی چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے صرف “2016” لکھا۔ ان تصاویر میں وہ ہائی اسکول کی گریجویشن، دوستوں کے ساتھ کھیلوں کی تقریبات اور مختلف فوٹو شوٹس کے دوران نظر آئے۔
کچھ فنکاروں نے پرانی تصاویر کے بجائے منفرد انداز اپنایا۔ ہالی ووڈ معروف گلوکار چارلی پُتھ نے اپنی 2016 کی ہٹ گانے ”We Don’t Talk Anymore“ پر لب سنک کرتے ہوئے ایک فلٹرڈ ویڈیو شیئر کی، جس کے ذریعے انہوں نے مداحوں کو ایک بار پھر ماضی کی یاد دلا دی۔
ہالی ووڈ کی معروف ماڈل کارلی کلوس نے بھی اس یادوں بھرے ٹرینڈ کا حصہ بنتے ہوئے تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا: ”کسی نے 2016 کہا؟!“۔ ان تصاویر میں اسنیپ چیٹ کا مشہور ڈاگ فلٹر، اسٹائلش سن گلاسز اور ہلکے پھلکے ہیش ٹیگز شامل تھے، جو اس دور کے سوشل میڈیا اسٹائل کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس نئے سال کے پہلے ہی ہفتے میں ٹک ٹاک پر ”2016“ سرچ کرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس ٹرینڈ کی مقبولیت کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آج کے مصروف اور دباؤ بھرے دور میں لوگ ماضی کی سادہ اور خوشگوار یادوں میں ذہنی سکون تلاش کر رہے ہیں۔
سادہ الفاظ میں کہا جائے تو یہ ٹرینڈ ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے اور زندگی کے ایک خوبصورت دور کو دوبارہ محسوس کرنے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔
















