44 سال کی عمر میں شاہد کپور کی فٹنس کا راز کیا ہے؟

شاہد کپور کو فِٹنس اور فیشن آئیکون بھی مانا جاتا ہے۔
شائع 21 جنوری 2026 11:37am

بولی ووڈ کے مشہور اداکار شاہد کپور نہ صرف اپنی اداکاری اور ڈانس کے لیے جانے جاتے ہیں، بلکہ ان کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کی فِٹنس سے محبت بھی ہے۔ وہ وقتاً فوقتاً اپنی ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔

اداکار نے اپنی فلموں میں کئی بار مضبوط جسم اور سکس پیک ایبس دکھا کر شائقین کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں سب کے ذہن میں ایک ہی سوال آتا ہے کہ آخر ان کی بہترین فِٹنس کا راز کیا ہے؟

حال ہی میں دی انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں شاہد کپور نے اپنی ورزش اور ویجیٹیرین غذا کے بارے میں کھل کر بات کی۔

شاہد کپور جیسا مضبوط اور متوازن جسم بنانا آسان نہیں۔ اس کے لیے مستقل مزاجی اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔

شاہد کپور کو فِٹنس اور فیشن آئیکون بھی مانا جاتا ہے۔ اپنی روزانہ کی ورزش کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ شدت سے زیادہ باقاعدگی پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا ورزش کا معمول مختلف اقسام کی ایکسرسائزز پر مشتمل ہوتا ہے اور وہ تقریباً ہفتے کے تمام دن جم جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

شاہد نے بتایا، ’میری ورزش میں فنکشنل ٹریننگ، اسٹرینتھ ایکسرسائزز اور موبیلیٹی ورک شامل ہوتا ہے تاکہ جسم چست رہے اور چوٹوں سے بچا جا سکے۔ میں صبح ورزش کرنا پسند کرتا ہوں کیونکہ اس سے دن کی شروعات بہتر ہوتی ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی کبھار کارڈیو یا کسی کھیل کو بھی اپنی روٹین میں شامل کر لیتے ہیں تاکہ ورزش کرتے ہوئے بوریت نہ ہو۔ ان کے مطابق متوازن ورزش نہ صرف کام میں مدد دیتی ہے بلکہ مجموعی صحت اور توانائی کو بھی برقرار رکھتی ہے۔

شاہد کپور کی فِٹنس کا مقصد صرف سکس پیک ایبس بنانا نہیں بلکہ دن بھر متحرک رہنا اور صحت مند محسوس کرنا بھی ہے۔ ان کے مطابق ایک متوازن ورزش کا معمول انسان کو کام کے دوران توانائی فراہم کرتا ہے اور تھکن کم محسوس ہوتی ہے۔

شاہد کپور کے مداح جانتے ہیں کہ وہ نوجوانی ہی سے ویجیٹیرین ہیں۔ انہوں نے ایک کتاب ’لائف از فیئر‘ سے متاثر ہو کرویجیٹیریں خوراک اپنائی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی خوراک میں سبزیاں، ہرے پتّے، دالیں اور دیگر غذائیت سے بھرپور اشیاء شامل ہوتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ سبزیوں پر مشتمل متوازن غذا جسم کو تمام ضروری غذائی اجزاء فراہم کر سکتی ہے، بشرطیکہ صحیح انتخاب کیا جائے۔

روزانہ سخت ورزش کے باعث وہ اپنی خوراک پر خاص توجہ دیتے ہیں۔ اداکار کے مطابق وہ صاف اور سادہ کھانا کھاتے ہیں مگر خود پر غیر ضروری پابندیاں نہیں لگاتے۔

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ ویجیٹیرین خوراک میں غذائیت کی کمی ہوتی ہے، مگر شاہد کپور اس سوچ کو غلط ثابت کرتے ہیں۔ ان کی مثال ظاہر کرتی ہے کہ متوازن خوراک، چاہے وہ کسی بھی قسم کی ہو، صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔

شاہد کپور رات دیر سے کھانے، بھاری اور غیر صحت بخش غذاؤں سے پرہیز کرتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق اس سے جسم کی توانائی متاثر ہوتی ہے۔

شاہد کپور کا کہنا ہے کہ وہ کھانے کو تولنے یا کیلوریز گننے کے بجائے تھوڑا تھوڑا اور بار بار کھانا پسند کرتے ہیں۔ اس سے جسم ہلکا محسوس کرتا ہے اور توانائی مسلسل برقرار رہتی ہے۔ انہیں گھر کا بنا ہوا کھانا زیادہ پسند ہے اور ان کے نزدیک سخت ڈائٹ سے بہتر ہے کہ انسان ہوش مندی سے کھائے۔

نیند کو اہم قرار دیتے ہوئے شاہد کپور نے بتایا کہ وہ عموماً چھ گھنٹے سونے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم شوٹنگ کے شیڈول کے مطابق اس میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اچھی نیند جسمانی ہی نہیں بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی ضروری ہے۔

صبح اٹھتے ہی وہ چند منٹ سانس کی مشق کرتے ہیں۔ اگر شوٹنگ ہو تو وہ خالی پیٹ صبح سویرے ورزش کرتے ہیں، جس کے لیے وہ سیٹ پر پہنچنے سے کم از کم ساڑھے تین گھنٹے پہلے جاگ جاتے ہیں تاکہ ورزش، تیاری اور خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزار سکیں۔

شاہد کپور نے بتایا کہ شاید بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ وہ روزمرہ زندگی میں کافی منظم ہیں۔ انہیں روٹین اور ترتیب پسند ہے اور جس کام کا عہد کر لیں، اسے پوری توجہ سے انجام دیتے ہیں۔

ان کے مطابق چاہے گھر ہو یا فلم کا سیٹ، وہ ہر کردا کو خواہ وہ اداکار کا ہو شوہر، باپ، بیٹا یا بھائی کا ہو وہی اہمیت دیتے ہیں جس کا وہ حقدار ہے۔

شاہد کپور کی خوراک اور ورزش کا معمول اس بات کی مثال ہے کہ نظم و ضبط، متوازن غذا اور مثبت طرزِ زندگی کے ذریعے عمر کے ساتھ بھی فِٹ اور صحت مند رہا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عوامی تقاریب اور فلمی پردے پر ہمیشہ سب کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔