گرین لینڈ تنازع: ٹرمپ یورپی ممالک پر ٹیرف لگانے کی دھمکی سے دستبردار

ٹرمپ نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کیا
شائع 22 جنوری 2026 09:03am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔اُنہوں نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

امریکی صدر کے مطابق نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ان کی ایک مثبت اور تعمیری ملاقات ہوئی ہے، جس کے دوران گرین لینڈ کے حوالے سے مستقبل کے ایک ممکنہ معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ نہ صرف امریکا بلکہ تمام نیٹو ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے مزید واضح کیا کہ اس پیش رفت کے بعد یورپ پر یکم فروری سے نافذ کیے جانے والے مجوزہ ٹیرف عائد نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سفارت کاری اور مشاورت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے دھمکی دی تھی کہ وہ تمام یورپی ممالک جو گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول یا ممکنہ قبضے کی مخالفت کریں گے، ان پر یکم فروری سے بھاری تجارتی ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ تاہم نیٹو قیادت کے ساتھ حالیہ رابطوں کے بعد امریکی مؤقف میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔