انڈر 19 ورلڈ کپ میں زمبابوے کو شکست، پاکستان سپر 6 مرحلے میں پہنچ گیا
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے تیسرے اور آخری گروپ میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ہے جب کہ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سپر 6 مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔
ہرارے میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
پاکستانی بولرز کی زبردست بولنگ کی بدولت زمبابوے کی پوری ٹیم 35.5 اوورز میں 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے اوپنر نتھینیل ہلابنگانا 59 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ برینڈن سینزیر 15 اور شیلٹن مزویٹورا 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ زمبابوے کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 3، محمد صیام، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2،2 جب کہ احمد حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کے 129 رنز کے جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 26.2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور زمبابوے کو 8 وکٹ سے شکست دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 74 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں انہوں ںے 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
اس کے علاوہ عثمان خان 26، علی حسن بلوچ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ احمد حسین 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور سپر 6 مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
میچ سے قبل زمبابوے کے کپتان نے پاکستانی کپتان کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
خیال رہے کہ گروپ سی سے انگلینڈ پہلے ہی اپنے تینوں میچز جیت کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرچکا ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ 3 میچز میں ایک پوائنٹ کے ساتھ باہر ہوچکا ہے۔














