ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے آئی سی سی کا فیصلہ قبول کرلیا

آئی سی سی نے نہ تو بنگلہ دیش کے میچز کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور نہ ہی گروپ کی ترتیب میں کوئی تبدیلی کی گئی
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2026 11:04am

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے بنگلہ دیشی ٹیم کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شامل کیے جانے کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا فیصلہ باضابطہ طور پر قبول کر لیا ہے۔

بی سی بی کی جانب سے یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب آئی سی سی نے اس بات کی تصدیق کی کہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے ہٹانے کا فیصلہ حتمی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔

ہفتے کے روز پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ وہ آئی سی سی کے حتمی فیصلے کا احترام کرتا ہے اور بورڈ کا فیصلہ چیلنج نہیں کرتا، اگرچہ اس کی اپنی درخواستوں کو قبول نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے نہ تو بنگلہ دیش کے میچز کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی اور نہ ہی گروپ کی ترتیب میں کوئی تبدیلی کی گئی، جس کے بعد بی سی بی کے پاس اس فیصلے کو قبول کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہ رہا۔

بی سی بی کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین کا کہنا تھا کہ اس مرحلے تک پہنچنے سے پہلے بورڈ نے تمام ممکنہ آپشنز آزما لیے تھے۔

امجد حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی پوری کوشش کی۔ ہم آئی سی سی بورڈ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہیں، اور بورڈ کی اکثریتی رائے بھی یہ تھی کہ میچ کو منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے بعد بھی ہم نے اپنی طرف سے کوششیں کیں اور درخواستیں دیتے رہے، لیکن چونکہ وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے یا نہیں کر رہے، اس لیے اب ہمارے پاس کچھ بھی کرنے کو باقی نہیں رہا۔