پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پنجگور میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں مقامی دہشت گرد سرعنہ فاروق عرف سورو سمیت دہشت گرد عدیل اور دہشت گرد وسیم شامل ہیں جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دیشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ”عزم استحکام“ کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ شدہ دہشت گردی ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم، صدر کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزعزم استحکام کے تحت کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کردار قابلِ ستائش ہے، فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشنز قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں، بیرونی مداخلت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔












