ڈیزل مہنگا، پیٹرول کی قیمت برقرار

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے 15 فروری 2026 تک ہوگا۔
شائع 01 فروری 2026 08:40am

وفاقی حکومت نے ہفتے کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 268 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ ح

حکومت ہر پندرہ دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے 15 فروری 2026 تک ہوگا۔

اس سے قبل 15 جنوری کو ہونے والے جائزے میں حکومت نے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

حکام کے مطابق قیمتوں کا یہ نیا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی یعنی اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اوگرا قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور رواں مالی سال کے بجٹ میں طے کیے گئے ٹیکس اہداف کو مدنظر رکھ کر کرتی ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق ان عوامل کی بنیاد پر ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا جاتا ہے تاکہ ملکی مالی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔