کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر لوٹ لیے گئے
کراچی کے علاقے بہادرآباد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس میں ایک شہری سے اس کے گھر پہنچتے ہی 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر چھین لیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے شہری کو شارع فیصل سے تعاقب کیا اور پھر گھر پہنچ کر اس پر حملہ کیا۔
چار مسلح موٹر سائیکل سواروں نے شہری کی ملکیت لوٹی اور فرار ہو گئے۔
اس واردات کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کے وقت علاقے میں سیف سٹی کیمروں اور سی پی کے کی نگرانی موجود تھی، تاہم ملزمان کی گرفتاری ابھی ممکن نہیں ہو سکی۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ بہادر آباد تھانے میں متاثرہ شہری سید معاذ علی کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ کوشش جاری ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔














