’فرینڈ آف کورٹ‘ سلمان صفدر نے عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی
فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے فرینڈ آف کورٹ مقرر کیا تھا، گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے 3 گھنٹے ملاقات کی تھی۔
فرینڈ آف کورٹ کے اختیار کے ساتھ سلمان صفدر بدھ کے روز سپریم کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے عمران خان سے ملاقات سے متعلق 7 صفحات اور 22 پیرا گراف پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔
سلمان صفدر نے خود سے منسوب خبروں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی اور سیل کا بھی وزٹ کیا، پہلی ذمہ داری سپریم کورٹ تک معلومات پہنچانا تھی، رپورٹ جمع کروا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی بہن اور سلمان اکرم راجہ نے مجبوری کو سمجھا، میں نے علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کی صحت سے متعلق کچھ نہیں بتایا نہ ہی گزشتہ روز کوئی بیان نہیں دیا۔
فرینڈ آف کورٹ سلمان صفدر نے یہ بھی بتایا کہ رپورٹ میں دورہ کے دوران اٹارنی جنرل کی جانب سے مکمل سہولت فراہمی کی تعریف بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی تھی جو چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے بعد عدالتِ عظمیٰ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو بطور فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ وہ اڈیالہ جیل جا کر عمران خان کی حالت، سہولیات اور دیگر معاملات کا خود جائزہ لیں اور اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔














