نیتن یاہو کا ایران پر حملے کا مطالبہ مسترد؛ ڈیل کو ترجیح دی جائے گی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ایران پر حملے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ڈیل کو ترجیح دینے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے، جاری مذاکرات اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نیتن یاہو کے متعدد نمائندے بھی شریک تھے۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ ڈیل کو ترجیح دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مذاکرات کے عمل میں یہ دیکھا جا رہا ہے کہ آیا کوئی معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیتن یاہو کو بھی بتا دیا گیا ہے کہ ایران سے ڈیل کرنا امریکا کی ترجیح ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل نہیں ہوتی تو پھر دیکھا جائے گا کہ مذاکرات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی بار ایران نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ڈیل نہ کرنا اس کے لیے بہتر ہے، تاہم اس کے بعد ایران کو “مڈنائٹ ہیمر” بمباری کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کے بقول ایران کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا تھا۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ اس بار ایران کا رویہ زیادہ ذمہ دارانہ اور معقول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں اور سفارتی راستے کو فوقیت دی جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات مثبت رہی اور دونوں رہنماؤں نے غزہ میں پیشرفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ ان کے مطابق خطے کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی امور بھی گفتگو کا حصہ رہے۔














