عمران خان کو جیل میں میسر سہولیات کی نئی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش
سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ایک مخصوص کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جو سات سیلز پر مشتمل ہے۔ ان کے سیل کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری موجود ہے جبکہ کمپاؤنڈ کے ساتھ ایک لان بھی منسلک ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو لان میں چہل قدمی کی سہولت حاصل ہے جہاں وہ کتابیں اور اخبارات پڑھتے ہیں اور دھوپ بھی سینکتے ہیں۔ کمپاؤنڈ میں مجموعی طور پر 30 سے 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی دی جا رہی ہے اور انہیں بہتر کلاس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہیں ورزش کے لیے سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
خوراک کے حوالے سے بتایا گیا کہ ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ، چیا سیڈز اور انار کا جوس شامل ہوتا ہے۔
دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد اور اچار کے علاوہ بعض اوقات آلو چپس، انڈا فرائی اور مکس دال بھی دی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب پر مشتمل شیک بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
جیل حکام کے مطابق تمام سہولیات جیل قوانین کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی کے مناسب انتظامات موجود ہیں۔













