بھارت: ردی سمجھ کر بیچا گیا سونا کباڑیے نے شہری کو چار ماہ بعد واپس لوٹا دیا
آج کے دور میں جب سونے کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مفت میں سونا ہاتھ لگنا یقینی طور پر خوشی سے دل کو جھومنے والا لمحہ ہوگا۔ ایسا ہی واقعہ بھارت کے شہر فریدآباد میں پیش آیا، جہاں ایک پرانا سامان خریدنے والے کو سامان کے ڈھیر میں چھپے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات ملے، لیکن اس نے اپنی قسمت سمجھنے کی بجائے اصل مالک کو واپس کر دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اشوک شرما نامی شخص کے خاندان نے اپنے سونے کے زیورات ایک ڈبے میں رکھ کر اسے ایک بوری میں محفوظ کیا تھا۔ خاندان جنوری میں کمبھ میلہ جانے سے پہلے زیورات کو محفوظ جگہ پر رکھنا چاہتا تھا تاکہ چوری کا خطرہ نہ رہے۔ تاہم بعد میں دیوالی کی صفائی کے دوران وہی بوری غلطی سے غیر ضروری سامان سمجھ کر کباڑیے کو فروخت کر دی گئی۔
شرما نے بتایا کہ کچھ وقت بعد انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا جس پر وہ اور ان کا خاندان پریشان ہو گئے۔ انہوں نے کباڑیے سے رابطہ کیا اور زیورات کے بارے میں پوچھا، لیکن اس وقت تک زیورات نہیں مل سکے اور وہ مایوس ہو کر واپس آ گئے۔
تقریباً چار ماہ بعد کباڑیے، جس کی شناخت حاجی اختر خان کے نام سے ہوئی، جب خریدے گئے سامان کو الگ الگ کر رہا تھا تو اسے کاغذ اور پلاسٹک کی تھیلی میں لپٹا ہوا ایک پیکٹ ملا۔ جب اس نے اسے کھولا تو اس میں تقریباً 100 گرام سونے کے زیورات موجود تھے۔ یہ لمحہ ان کے لیے آزمائش بھی تھا اور انتخاب بھی۔ انہوں نے لالچ کو خود پر غالب نہیں آنے دیا اور فوراً پولیس سے رابطہ کیا تاکہ زیورات صحیح ہاتھوں تک پہنچ سکیں۔
پولیس کی موجودگی میں زیورات باقاعدہ طور پر اشوک شرما کے حوالے کر دیے گئے۔ حاجی اختر خان نے کہا کہ زیورات ملنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ انہیں اصل مالک کو واپس کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور اس فیصلے میں ان کے خاندان نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
اے سی پی جتییش ملہوترا نے بھی اس شخص کی تعریف کی جبکہ حاجی اختر خان کا کہنا تھا کہ ان کے دل نے انہیں یہی راستہ دکھایا کیونکہ جو چیز ان کی نہیں تھی، اسے رکھنا ان کے ضمیر کے خلاف تھا۔ ان کے مطابق، اصل دولت سونا نہیں بلکہ صاف نیت اور مطمئن دل ہے۔
















