ایران میں زمینی افواج داخل کرنے کی خبروں پر علی لاریجانی کا امریکا کو سخت پیغام
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکا کی جانب سے ممکنہ محدود زمینی حملے سے متعلق خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بعض امریکی حکام نے یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ چند ہزار فوجیوں کے ساتھ زمینی راستے سے ایرانی سرزمین میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ امام خمینی اور امام خامنہ ای کے بہادر بیٹے تمہارا انتظار کر رہے ہیں اور وہ ان بدعنوان امریکی حکام کو ہزاروں کی تعداد میں ہلاک اور گرفتار کر کے رسوا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
لاریجانی نے اپنی پوسٹ کے آغاز میں مزید لکھا کہ جہنم کے خادموں کے لیے ایران کی مقدس سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا تھا کہ فی الحال ایران میں امریکی زمینی افواج داخل کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔













