مشہور امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز گرفتار

2007 میں ان پر ہٹ اینڈ رن اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا الزام بھی لگا تھا۔
شائع 06 مارچ 2026 01:25pm

مشہورامریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز ایک بار پھر قانونی مشکلات کا شکار ہو گئی ہیں۔ بدھ کی شب کیلیفورنیا پولیس نے انہیں نشے کی حالت میں خطرناک حد تک تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے شبے میں گرفتار کر لیا۔

رائٹرز کے مطابق کیلیفورنیا ہائی وے پیٹرول کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات تقریبا پونے نو بجے اطلاع ملی کہ ایک سیاہ دنگ کی بی ایم ڈبلیو گاڑی سڑک پر تیز رفتاری اور غیر متوازن طریقے سے دوڑ رہی ہے۔ جب پولیس نے گاڑی کو روکا تو اس میں برٹنی سپیئرز اکیلی موجود تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے اور ٹیسٹ کے دوران برٹنی کے حواس قابو میں نہیں تھے اور ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ وہ الکحل اور ادویات کے زیرِ اثر ہیں۔

انہیں فیلڈ سوبریٹی ٹیسٹ (ہوش مندی کی جانچ) کروانے کے بعد فوری طور پر وینٹورا کاؤنٹی کی مرکزی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔

اس موقع پر اسپئیرز کے کسی نمائندے نے تبصرہ نہیں کیا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب 44 سالہ گلوکارہ کو قامومی مسائل کا سامنا ہو ۔ 2007 میں ان پر ہٹ اینڈ رن اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے کا الزام لگا تھا۔

برٹنی سپیئرز طویل عرصے تک اپنے والد کی قانونی سرپرستی (کنزرویٹرشپ) میں رہی تھیں۔ 13 سال تک ان کی زندگی اور 6 کروڑ ڈالر کے اثاثوں کا کنٹرول ان کے والد کے پاس تھا، جسے 2021 میں ایک طویل قانونی جنگ اور مداحوں کی #FreeBritney مہم کے بعد ختم کیا گیا تھا، جس میں پوچھا گیا کہ گلوکارہ کے لیے اتنی پابندیاں کیوں ضروری تھیں؟