آخری سانس تک ملک کا دفاع کریں گے، ٹرمپ کی دھمکیوں پر ایرانی صدر کا ردعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد ایرانی صدر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے آخری سانس تک ثابت قدم رہے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے جھکنے والی نہیں اور ملک کے دفاع کے لیے پوری قوت کے ساتھ ڈٹی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران ہر قیمت پر اپنے وطن اور عوام کی حفاظت کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی کارروائیاں صرف ان اہداف اور تنصیبات کے خلاف ہوتی ہیں جہاں سے ایران اور ایرانی قوم کے خلاف جارحانہ اقدامات کیے جاتے ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق وہ تمام ذرائع اور مقامات جو ایرانی قوم پر حملوں کی بنیاد بنتے ہیں، ایران کے لیے جائز ہدف تصور کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی مکمل طور پر اپنے ملک اور عوام کے تحفظ پر مرکوز ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں ایران کو آج کے دن ”انتہائی سخت“ حملوں کا نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے ردعمل میں ایرانی صدر کا پیغام سامنے آیا ہے۔












