یو اے ای مضبوط ہے اور دشمنوں کے لیے آسان ہدف نہیں: شیخ محمد بن زاید النہیان
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ ملک جنگ جیسے حالات سے گزر رہا ہے لیکن دشمن یہ نہ سمجھیں کہ یو اے ای آسان شکار ہے، ریاست اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کرے گی۔
اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظبی کے اسپتال میں جنگ کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے موقع پر اماراتی ٹی وی سے گفتگو میں محمد بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اس وقت جنگ جیسے حالات سے گزر رہا ہے تاہم یو اے ای مضبوط ہے اور دشمنوں کے لیے آسان ہدف نہیں۔
شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یو اے ای کی کھال موٹی اور گوشت کڑوا ہے، اس لیے ہم آسان شکار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے ملک، عوام اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی کیونکہ وہ بھی اماراتی معاشرے کا حصہ اور ایک طرح سے خاندان ہی کا حصہ ہیں۔
صدرِ امارات کا کہنا تھا کہ سات ریاستوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات، جن میں دبئی بھی شامل ہے، ملک میں موجود ہر شخص کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس ہفتے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے گئے تھے اور یہ لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں۔
انہوں نے مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور قومی اداروں کی کوششوں کو سراہا اورمتحدہ امارات سے محبت کا اظہار کرنے والے شہریوں اور رہائشیوں کی تعریف بھی کی۔
شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ یو اے ای میں سب خیریت ہے۔ میں اپنی مسلح افواج اور تمام سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے پانچ زخمی شہریوں سے ملاقات کی جن میں دو اماراتی، ایک بھارتی، ایک سوڈانی اور ایک ایرانی شہری شامل ہیں۔
صدر امارات نے کہا کہ ملک میں رہنے والے غیر ملکی اور سیاح ہمارے مہمان اور ہمارے خاندان کا حصہ ہیں اور ریاست ان کی سلامتی اور بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔











