مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان میں ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جب کہ ادویات کی عالمی سپلائی میں ممکنہ تعطل کے پیش نظر ڈریپ نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں فارما کمپنیوں کو خام مال اور تیار ادویات کا مناسب بفر اسٹاک رکھنے اور سرکاری اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان میں ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
ڈریپ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ادویات کی عالمی سپلائی میں ممکنہ تعطل کے پیش نظر فارما کمپنیوں کو خام مال کے ایک ہی سپلائر پر انحصار کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈریپ کے مطابق کمپنیوں کو ادویات کے خام مال اور پیکنگ میٹریل کے لیے متعدد ذرائع اختیار کرنے چاہئیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال میں سپلائی متاثر نہ ہو۔
ایڈوائزری میں فارما کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خام مال اور تیار شدہ ادویات کا مناسب بفر اسٹاک رکھیں اور شپنگ میں تاخیر یا دیگر غیر متوقع حالات سے نمٹنے کے لیے اضافی ذخیرہ بھی برقرار رکھیں۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو سپلائی کی راہ میں رکاوٹوں کا جائزہ لینے اور متبادل منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ادویات کی مصنوعات کی نقل و حرکت کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے اور طلب کا درست اندازہ لگایا جائے تاکہ ملک میں ادویات کی دستیابی برقرار رکھی جا سکے۔
ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور مصنوعی قلت سے بچاؤ کے لیے مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ فارما کمپنیوں کو سرکاری اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر ادویات کی فراہمی جاری رکھنے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
















