خیبرپختونخوا میں اسکول، کالجز اور جامعات جمعے اور ہفتے کو بند رکھنے کا حکم
خیبرپختونخوا حکومت نے ایندھن کے بحران اور بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر صوبے بھر کے اسکولوں، کالجوں اور جامعات کو جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
پشاور سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جمعہ اور ہفتہ کے روز تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کابینہ کی تجاویز کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں آن لائن یا ہائبرڈ کلاسز کا نظام اپنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا یہ فیصلہ ایندھن کے بحران اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کیا گیا ہے۔
















